10 ستمبر 2014 - 19:53
عراق کی پڑوسی ممالک سے اپیل

عراق کے وزیر خارجہ نے اپنے پڑوسی ممالک سے درخواست کی ہے کہ داعش کے خلاف جدوجہد کے بارے میں سعودی عرب میں ہونے والے اجلاس میں وہ پورے جوش خروش کے ساتھ شرکت کریں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ نے اپنے پڑوسی ممالک سے درخواست کی ہے کہ داعش کے خلاف جدوجہد کے بارے میں سعودی عرب میں ہونے والے اجلاس میں وہ پورے جوش خروش کے ساتھ شرکت کریں۔

 انہوں نے کہا کہ داعش جیسے دہشت گرد گروہ کی تباہی میں پڑوسی ممالک کا باہمی تعاون بہت اہم ہے۔ عراق کے نئے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے بدھ کو بغداد میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک داعش کے خلاف جدوجہد میں ایک بین الاقوامی پالیسی کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدہ اجلاس میں عراق کے پڑوسی ممالک کو وسیع پیمانے پر شرکت کرنا چاہئے کیونکہ یہ دہشت گردی سے مقابلے کے موضوع پر منعقد ہو رہا ہے۔

اس دوران امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کے ملک کا ہدف داعش سے مقابلہ کرنا اور غیر ملکی جنگجوؤں کو اس دہشت گرد گروہ سے شامل کرنے سے روکنا ہے۔ جان کیری نے کہا کہ داعش سے مقابلے کے بارے میں واشگٹن کی حکمت عملی کا اعلان صدر باراک اوباما کریں گے۔
ادھر امریکی صدر باراک اوباما نے داعش کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ اوباما نے کہا کہ ان کے پاس عراق اور شام میں سرگرم داعش کے خلاف فوجی کاروائی کا پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے انہیں امریکی کانگریس سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اوباما نے منگل کو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ہیری ریڈ، نینسی پیلوسی اور ریپبلکن رہنما جان بوہنروغیرہ کے ساتھ بحث کی۔
.......

/169